او جی ڈی سی ایل کی آپریشنل اور مالیاتی کارکردگی میں بہتری براہ راست بہتر گورننس سے جڑی ہے، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پٹرولیم کے شعبہ کی پائیداری کو یقینی بنانے اور ضروری ساختی اصلاحات کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ای اینڈ پی کمپنیوں کو ان کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت پر کام کرنے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ توانائی کے شعبہ کو مستحکم اور پائیدار بنایا جا سکے ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سینئر ایگزیکٹوز ممبرز کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ اجلاس میں او جی ڈی سی ایل کی عملی سرگرمیوں اور پیداوار میں جامع حکمت عملی اور بہتری کے لیے بریفنگ دی گئی جس کا مقصد اس کے قدیم ہائیڈروکاربن فیلڈز میں ہونے والی کمی کے رجحان کو کم کرنا ہے۔

بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ریکوری بڑھانے اور پیداوار کی سطح کو برقرار رکھنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، توانائی کے شعبہ کی مقامی بنیادوں پر ترقی مستقبل کی کامیابی کا راستہ ہے جس کے لیے ملکی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیاں بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔و فاقی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ او جی ڈی سی ایل کی آپریشنل اور مالیاتی کارکردگی میں بہتری براہ راست بہتر گورننس سے جڑی ہےانہوں نے پٹرولیم شعبہ میں اصلاحات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاحات طویل المدتی استحکام اور قومی معیشت میں خاطر خواہ شراکت کو یقینی بنائیں گی۔علی پرویز ملک کو بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران او جی ڈی سی ایل نے تیل اور گیس کی پانچ نئی دریافتیں کامیابی سے کی ہیں جو پاکستان کے وسیع ہائیڈروکاربن وسائل کے ذخائر میں پاکستان کی بے پناہ صلاحیت کا عملی ثبوت ہیں وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پٹرولیم کے شعبہ کی پائیداری کو یقینی بنانے اور ضروری ساختی اصلاحات کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت ای اینڈ پی کمپنیوں کو ان کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت پر کام کرنے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ توانائی کے شعبہ کو مستحکم اور پائیدار بنایا جا سکے۔

اس موقع پر او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لک نے وفاقی وزیر کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اصلاحات کے لیے سنجیدگی نہایت خوش آئند ہے جو ایک واضح سمت فراہم کرتی ہے اور او جی ڈی سی ایل جیسی کمپنیوں کو قومی توانائی میں خودکفالت کے حصول میں مزید موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔اجلاس میں وزارت پٹرولیم اور او جی ڈی سی ایل نے چیلنجوں پر قابو پانے اور توانائی کے شعبہ میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔