کم عمر ڈرائیونگ پر سخت کارروائی کا حکم، چالان کے ساتھ گاڑیاں تھانوں میں بند ہوں گی، والدین سے تحریری بیان لیا جائے گا. ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر

راولپنڈی (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے محفوظ پنجاب کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا کم عمر ڈرائیورز کیخلاف سخت اور بلا امتیاز کاروائی کا حکم، کم عمر ڈرائیونگ پر چالان کیساتھ موٹر سائیکل و گاڑی کو بھی تھانہ میں بند کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کے ویژن محفوظ پنجاب پر عمل کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے ضلع راولپنڈی کے تمام سرکل و سیکٹر انچارجز کو کم عمر و بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کا حکم دے دیا۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں کم عمرو بغیر ڈرائیونگ لائسنس کیخلاف سخت اور بلا امتیاز کاروائیوں کا آغازکیا جا رہا ہے، کمر عمر ڈرائیونگ پر چالان کیساتھ موٹر سائیکل یا گاڑی وغیرہ کو تھانہ میں بھی بند کیا جائے گا اور والدین سے تحریری طورپر بیان لینے کے بعد انھیں گاڑی و موٹر سائیکل واپس کی جائے گی جبکہ دوبارہ غلطی پر والدین کیخلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔

انکا مزید کہنا تھا کم عمر و بغیر لائسنس ڈرائیور کا گاڑی و موٹر سائیکل چلانا قانوناً جرم ہے، کم عمر ڈرائیورز میں فوری فیصلہ لینے کی صلاحیت نہیں ہوتی جو کہ حادثہ کا سبب بھی بنتی ہے جسکی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے انھوں نے شہریوں اور خصوصاًوالدین سے درخواست کی کہ منظم ٹریفک کیلئے لاء انفورسمنٹ کے ساتھ شہریوں کا تعاون بھی درکار ہے لہذا والدین اپنے کم عمر بچوں پرخصوصی نظر رکھیں اور کم عمری میں انھیں موٹر سائیکل یا گاڑی ہر گز نہ دیں.