استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک )یورپی یونین نے افریقہ میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے 545 ملین یورو (638 ملین ڈالر) فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد بجلی تک رسائی میں اضافہ، علاقائی بجلی گرڈز کو مضبوط بنانا اور براعظم کی گرین انرجی پر منتقلی کو تیز کرنا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لیئن نے گلوبل سٹیزن فیسٹیول میں ویڈیو پیغام میں پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج افریقہ جو فیصلے کر رہا ہے وہ پوری دنیا کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں، براعظم کی ماحول دوست توانائی کی منتقلی روزگار، استحکام، ترقی اور عالمی ماحولیاتی اہداف کے حصول کو ممکن بنائے گی۔یورپی کمیشن کے بیان کے مطابق افریقہ میں قابل تجدید توانائی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے لیکن براعظم کے تقریباً 600 ملین افراد اب بھی بجلی سے محروم ہیں ، اس لیے افریقہ کی ماحول دوست توانائی کی منتقلی ترقی، علاقائی استحکام اور ماحولیاتی بہتری کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔یہ مالی پیکیج آئیوری کوسٹ، کیمرون، کانگو جمہوریہ، لیسوتھو، گھانا، وسطی افریقی جمہوریہ، مڈغاسکر، موزمبیق اور صومالیہ میں توانائی کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔