سکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں 2 الگ الگ آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 13 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )سکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں 2 الگ الگ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 13 دہشت گرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 30 ستمبر اور یکم اکتوبر 2025ء کو بلوچستان میں دو الگ الگ آپریشنز کیے گئے۔کوئٹہ ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔

آپریشن دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گرد واصل جہنم کر دیئے گئے۔ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیچ ضلع میں کیا گیا جس کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا گیا اور فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور قوم کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔