اسلام آبا د (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی مشن پر حملہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، عالمی برادری غزہ کے شہریوں کو امداد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے ، ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلوبل صمود فلوٹیلا میں شریک پاکستانی شہریوں کی بہادری اور انسان دوستی کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ امدادی مشن پر حملہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ کے شہریوں کو امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، صدر مملکت نے فلوٹیلا پر موجود پاکستانی شرکا کی سلامتی اور فوری واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔