رباط (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم یوتھ پروگرام کی نمائندگی میں پاکستانی وفد نے مراکش میں ہونے والی “او آئی سی یوتھ کیپیٹل 2025” والینٹیئرز اینڈ یوتھ گیدرنگ میں بھرپور شرکت کی۔ یہ بین الاقوامی کانفرنس اسلامک کوآپریشن یوتھ فورم کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے نوجوان مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد مسلم دنیا کے نوجوانوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ ترقی کے مواقع تلاش کرنا تھا۔
پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے خصوصی نمائندے رضوان انور نے کی جنہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے نوجوانوں کے لیے وژن اور پروگرامز پر روشنی ڈالی ، انہوں نے “ڈیجیٹل یوتھ ہب” جیسے کامیاب منصوبوں کا ذکر کیا جو نوجوانوں کو تعلیم، مہارت اور روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے خصوصی نمائندہ مہا جمیل نے نوجوانوں میں والینٹیئرازم کے فروغ پر زور دیا اور پاکستان میں نوجوانوں کی سماجی خدمات اور کمیونٹی سے وابستگی کے مثبت اثرات بیان کیے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کی اس بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان مسلم دنیا کے نوجوانوں کی ترقی، علاقائی تعاون اور خوشحالی کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔