پی ڈی ایم اے کابارشوں کے باعث دریاوں کے بہا ئومیں اضافے کا الرٹ جاری

لاہور (سٹاف رپورٹر):پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں کے باعث دریاوں کے بہا ئومیں اضافے کا الرٹ جاری کردیا۔دریائے سندھ اور جہلم میں بارشوں کے باعث پانی کے بہا ئومیں اضافے کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کےمطابق5 سے 7 اکتوبر کے دوران دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے جبکہ دریائے ستلج اور راوی میں پانی کے بہائو کا انحصار بھارتی آبی ذخائر سے اخراج پر ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں ،اس کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق بارشوں سے پنجاب کے دریاوں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں کے بہائو میں اضافے کا امکان ہے ۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے اورشہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔