اسلام آباد (کامرس رپورٹر )سٹیٹ بینک نے کہاہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس کے شائع شدہ ڈیٹا میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہو گی البتہ معمولی تبدیلیاں بدستور آ سکتی ہیں۔ پیرکویہاں جاری بیان میں ترجمان سٹیٹ بینک نے کہا کہ یہ وضاحت زیرِ گردش اس خبر کے جواب میں ہے کہ پاکستان بیورو برائے ِ
شماریات (پی بی ایس) کے تجارت سے متعلق ڈیٹا پر حالیہ نظرِ ثانی کی بنا پر سٹیٹ بینک کے تجارت سے متعلق ڈیٹا اور کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس کے اعدادوشمار پر بھی اسی قسم کی نظرِ ثانی کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایاکہ اس سلسلے میں سٹیٹ بینک آف پاکستان یہ وضاحت کرنا چاہتا ہے کہ تجارت سے متعلق سٹیٹ بینک کا ڈیٹا دراصل تجارتی ادائیگیوں کے بارے میں بینکوں سے موصول ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے، چنانچہ سٹیٹ بینک کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس کا جو ڈیٹا شائع کر چکا ہے اس میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہو گی۔البتہ معمولی تبدیلیاں بدستور آ سکتی ہیں۔ یہ وضاحت وسیع تر مفادِ عامہ میں شائع کی جا رہی ہے۔