علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا کے وزیراعلی کے عہدے سے مستعفی، سہیل آفریدی وزیراعلی نامزد

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے وزیراعلی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے جبکہ سہیل آفریدی کو وزیراعلی نامزد کر دیا گیا ہے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق ان کی امانت ان کو واپس کرکے اپنا استعفی دے رہا ہوں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے بانی عمران خان کی ہدایات کی تعمیل میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے صوبائی اسمبلی کے رکن محمد سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے کےلیے کا نامزد کیا گیا ہے ، یہ سیاسی پیش رفت پارٹی کے اندرونی تناؤ کے ایک سلسلے کے بعد ہوئی ہے۔ وزیراعلی علی امین گنڈاپور اور عمران خان کی بہن علیمہ خان نے حال ہی میں ایک دوسرے پر الزامات لگائے تھے۔ علیمہ خان نے الزام لگایا تھا کہ وزیراعلیٰ گنڈاپور نے انہیں پارٹی امور سے دور رکھنے کی کوشش کی جبکہ علی امین گنڈاپور نے ان پر پی ٹی آئی کے اندر گروپ بندیوں کی حوصلہ افزائی کا الزام لگایا تھا۔ اس سے قبل جون کے اوائل میں خیبر پختونخوا کے مالیاتی بجٹ کی منظوری پر بھی پارٹی کے اندر اختلافات منظر عام پر آگئے تھے۔