سکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی ،7دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )سکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج کو جہنم واصل کر دیاتاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر سبطین حیدر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔جمعرات کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق 8 اکتوبر کو سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نےموثر کارروائی کرکے 7بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیاتاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کوئٹہ سے تعلق رکھنےوالے 30سالہ میجر سبطین حیدر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ہلاک کئے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے۔

علاقے میں کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ خارجی کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ آ ئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر بیٹوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔