اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمان کے اسپیکرز کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ پارلیمانی وفد نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (NEOC) کا دورہ کیا، جہاں وفد کو پاکستان کے فعال اور جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، وفد کی قیادت ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر محترمہ صاحبا غفوروا نے کی۔ اس موقع پر پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے تقریباً 40 رکنی پارلیمانی وفد نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں تینوں برادر ممالک پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے ارکانِ پارلیمان شامل تھے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو پاکستان کے فعال ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، اور بروقت پیشگی انتباہی نظام پر بریفنگ دی۔ انہوں نے ادارے کے علاقائی تعاون، معلوماتی تبادلے، بین الاقوامی مشقوں اور تربیتی ورکشاپس کے بارے میں بھی آگاہ کیا ، چیئرمین نے مون سون 2025 کے دوران کامیاب آپریشنز اور 30 لاکھ سے زائد افراد کے بروقت انخلا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے نے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی مربوط کارروائیاں کامیابی سے انجام دیں۔
دورے کے دوران ترکیہ اور آذربائیجان کے وفود نے این ڈی ایم اے کے کردار، صلاحیت میں اضافے اور جدید نظام کے استعمال کو سراہا۔ دونوں ممالک نے پاکستان کے ساتھ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، استعدادِ کار میں اضافہ اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ، تینوں برادر ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ یہ تعاون خطے میں محفوظ، مستحکم اور فلاحی مستقبل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔