صدر آصف علی زرداری سے آسٹریلیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری سے آسٹریلیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی ۔ صدر مملکت نے بطور ہائی کمشنر اپنی مدت تعیناتی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ ہائی کمشنر کی خدمات سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا ہے جبکہ عوام کے درمیان رابطوں کو گہرا کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا نے مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر طویل عرصے سے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات سے استفادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔ معاشی تعلقات کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ اگرچہ دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن یہ ابھی تک اصل صلاحیت سے کم ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔

ہائی کمشنر نے صدر مملکت کو سندھ کے اپنے حالیہ دورے سے آگاہ کیا اور انہیں زراعت اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے جاری تعاون سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی فیملی پاکستان کے عوام کی مہمان نوازی اور محبت بھری خوبصورت یادیں اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔

ہائی کمشنر نے پاکستان کی نسلی، لسانی، مذہبی اور خوراک کی متنوع ثقافت کو متاثرکن قرار دیا۔ صدر مملکت نے ہاکنز کی مستقبل کی کامیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ ہائی کمشنر پاکستان اور اس کے عوام کی اچھی یادوں کو اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔