اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن (پی ایچ اے فاؤنڈیشن) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے رہائشی مسائل کے پائیدار اور کم لاگت حل کے لیے پری فیبریکیٹڈ تعمیرات اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کیپیٹل نیوز پوائنٹ کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روایتی تعمیراتی طریقے — جن میں اینٹ، لوہا اور سیمنٹ شامل ہیں — اب موجودہ دور کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہوچکے ہیں۔ دنیا جدید پری فیبریکیٹڈ تعمیرات کی طرف جاچکی ہے، جو تیز، سستی اور معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرتی ہیں۔
اگر ہم اس سمت بڑھیں تو منصوبے کم وقت میں مکمل اور لاگت میں 30 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ شاہد حسین نے کیپیٹل نیوز پوائنٹ کو بتایا کہ پی ایچ اے فاؤنڈیشن اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور الاٹیز کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ شفافیت اور معیار کے ساتھ عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے مالی، انتظامی اور تکنیکی سطح پر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں کری روڈ پراجیکٹ، قبرستان اور پارکس سے متعلق دیرینہ مسائل حل کر لیے گئے ہیں، جبکہ سیکٹر I-12 کے تمام بلاکس کا گرے اسٹرکچر 95 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ اپارٹمنٹس کے لیے لفٹس کی آمد شروع ہوگئی ہے اور ٹھیکیدار کو ادائیگی بھی کردی گئی ہے۔جیسے ہی سی ڈی اے سڑکوں، بجلی اور گیس کا انفراسٹرکچر مکمل کرے گا، الاٹیز کو قبضہ دے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر I-16 میں دو سال قبل الاٹیز کو اضافی ادائیگی کے بعد قبضے دیے جا چکے ہیں، اور کراچی پورٹ پر رکی ہوئی لفٹس کی تنصیب بھی جاری ہے۔
ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ تقریباً 100 فیصد الاٹیز کو قبضہ دے دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایچ اے پشاور ریذیڈنشیا منصوبہ، جو 2019 میں شروع ہوا لیکن پی سی-1 کی منظوری تک نہیں پہنچ سکا تھا، اب عملی طور پر تعمیراتی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ہم نے خیبر پختونخواحکومت اور کمشنر کے ساتھ ملاقاتیں کیں، ڈیزائن کو حتمی شکل دی، معاہدے سائن کیے اور تعمیراتی کام جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے آفیسرز ریذیڈنشیا پارک روڈ اسلام آباد میں اضافی گرین بیلٹ ایریا پر رہائشی پلاٹس بنانے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کچلاک ہاؤسنگ منصوبے میں ٹھیکیداروں سے متعلق مسائل حل کرلیے گئے ہیں اور دیگر معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے۔ہمارا ہدف تمام زیرتعمیر منصوبوں کو بروقت مکمل کر کے عوام کو ان کا حق دینا ہے۔
سی ای او نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں نئے رہائشی منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں جبکہ اسلام آباد میں بھی پی ایچ اے فاؤنڈیشن سی ڈی اے کی جانب سے زمین اور بنیادی سہولیات فراہم کیے جانے پر میگا ہاؤسنگ منصوبے شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فاؤنڈیشن نے آن لائن ادائیگی نظام اور ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا ہے، جس سے شفافیت میں نمایاں اضافہ اور پلاٹس کی غیر ارادی منسوخی کے مسائل ختم ہو گئے ہیں۔شاہد حسین نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر منصوبوں کی آن گراؤنڈ پیش رفت کا جائزہ لیتے ہیں او ر ان کو تسکین اس وقت ہوتی ہے جب عوام کے مسائل حل ہوں اور ہم اپنے وعدے پورے کریں۔ عوام کا اطمینان ہی ہماری اصل کامیابی ہے.