اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) GITEX 2025 کے موقع پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، شہزا فاطمہ خواجہ نے متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں ڈیجیٹل گورننس، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا انفراسٹرکچر اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا وفاقی وزیر نے یو اے ای کی وزارت صنعت و جدید ٹیکنالوجی کے انڈر سیکرٹری، عمر سُوَیْنہ السُوَیْدی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر موصوفہ نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ، نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر، کیش لیس اکانومی، سمارٹ گورننس اور مصنوعی ذہانت کے انضمام سے متعلق پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا انوویشن اور سرحد پار اسٹارٹ اپ سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ، شہزا فاطمہ نے ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کے چیف کمپیٹیٹیو نیس آفیسر، مسیمو فالشیونی سے بھی ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل سرمایہ کاری، اختراع (Innovation) اور ٹیکنالوجی پر مبنی شراکت داری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی وفاقی وزیر کی AHAD کے سی ای او منیب انجم سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کے سائبر سیکیورٹی منظرنامے کو بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈیجیٹل اعتماد کی تعمیر، جدید سیکیورٹی حل کے نفاذ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کے ذریعے قومی سائبر ریزیلینس اور انوویشن ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا یہ ملاقاتیں پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کو محفوظ، مربوط اور جدید بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہیں