وفاقی وزیرِ ریلوے کی زیرِ صدارت پشاور ریلوے ڈویژن کے امور پر اہم اجلاس

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت وزارتِ ریلوے میں آج پشاور ریلوے ڈویژن کے امور پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد ڈویژن کے آپریشنز، مینٹیننس، مسافروں کی سہولیات، صفائی ستھرائی، سولرائزیشن اور اینٹی اِنکروچمنٹ مہم کے حوالے سے جامع جائزہ لینا اور مستقبل کے لیے حکمت عملی مرتب کرنا تھا اس اجلاس میں پشاور ریلوے ڈویژن کی جانب سے وزیرِ ریلوے کو آن لائن تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں ڈویژن کی کارکردگی، ٹرینوں کی وقت کی پابندی، اسٹیشنوں کی صفائی، فومیگیشن کی مؤثر کارروائی، مسافروں کی سہولت اور دیگر اہم پہلوؤں پر تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں ڈی ایس پشاور، فرمان غنی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پشاور ریلوے ڈویژن میں ٹرینوں کی پنکچوئیلٹی 99 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو ایک قابلِ ستائش کارکردگی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے تین ماہ کے دوران ٹرینوں میں کھٹمل، مچھر یا لال بیگ جیسی شکایات موصول نہیں ہوئی، جبکہ فومیگیشن مہم مؤثر انداز میں جاری ہے۔ اسٹیشنوں اور ٹرینوں پر صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا گیا تاکہ مسافروں کو ایک صاف ستھرا اور محفوظ سفر فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پشاور ڈویژن کے 9 اسٹیشن مکمل طور پر سولر انرجی پر منتقل کر دیے گئے ہیں، جبکہ 1400 ریلوے کوارٹرز کی سولرائزیشن اور میٹرائزیشن بھی کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے، جس سے نہ صرف توانائی کی بچت ہوگی بلکہ ریلوے انفراسٹرکچر مزید جدید اور ماحول دوست بھی بنے گا وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اجلاس میں تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈرائیورز کی حفاظت اور کمفرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا وزارتِ ریلوے کی اولین ترجیح ہے اور بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے وزیرِ ریلوے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اینٹی اِنکروچمنٹ مہم جاری رکھی جائے تاکہ ریلوے کی اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور قومی اثاثے کے تحفظ کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے اجلاس میں وزیرِ ریلوے نے متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ریلوے جدّت، شفافیت اور عوامی خدمت کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسی تفصیلی بریفنگز اب تمام ریلوے ڈویژنز میں باقاعدگی سے دی جائیں گی تاکہ ہر ڈویژن میں بہتری اور موثر نظام قائم کیا جا سکے۔

اس اجلاس میں چیئرمین ریلوے مزہر علی شاہ، سیکریٹری ریلوے بورڈ راحت مرزا اور وزارتِ ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈی ایس پشاور فرمان غنی اور ان کی ٹیم نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کی۔وفاقی وزیرِ ریلوے نے اجلاس کے اختتام پر کہا:“پاکستان ریلوے کے تمام ڈویژنز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ہم ہر مسافر کو بہتر سہولت، محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہر قدم پر ہم معیار، شفافیت اور جدّت کو یقینی بنائیں گے۔