اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت اور کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر و شعبہ سرجری کے سربراہ ڈاکٹر نعیم تاج کی نگرانی میں کیپیٹل ہسپتال نے بدھ کے روز بریسٹ کینسر کے حوالے سے ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کا اہتمام بین الاقوامی بریسٹ کینسر آگاہی مہینے کے حوالے سے کیا گیا، جسکا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص، احتیاط اور جدید علاج اختیار کرنے کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا تھا۔
سمپوزیم کی نظامت کیپیٹل ہسپتال کی جنرل اینڈ بریسٹ کینسر سرجن ڈاکٹر یاسمین اقبال نے کی تقریب میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا نے اور کمشنر اسلام آباد ایمپلائیز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (آئی ای ایس ایس آئی) رابعہ اورنگزیب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ خصوصی مہمان گرامی نے عوامی صحت کے حوالے سے آگاہی بڑھانے اور خواتین کی صحت کے اہم اقدامات کو فروغ دینے پر کیپیٹل ہسپتال کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب میں معروف طبی ماہرین کے پینل نے شرکاء کو بریسٹ کینسر کے حوالے سے جامع آگاہی فراہم کی۔ مہمان مقررین میں ڈاکٹر ارم نجیب (بریسٹ آنکوپلاسٹک اینڈ ریکنسٹرکٹو سرجن)، پروفیسر نعیم ضیا، پروفیسر اعظم یوسف، پروفیسر ڈاکٹر رخشندہ رشید اور ڈاکٹر تنصیر اصغر شامل تھے۔ انہوں نے بریسٹ کینسر کی بروقت اسکریننگ کی اہمیت اور جدید علاج کے مؤثر طریقوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے کہا کہ بریسٹ کینسر اگر بروقت تشخیص ہو جائے تو ایک قابل علاج بیماری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام خواتین باقاعدگی کے ساتھ اپنا چیک اپ کرواتی رہیں اور ابتدائی علامات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمپوزیم عوامی صحت کی تعلیم اور احتیاطی نگہداشت کے حوالے سے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب کا اختتام مہمان خصوصی سید نفاست رضا کے شکریہ کے کلمات پر ہوا، جنہوں نے بریسٹ کینسر کے بوجھ کو پاکستان میں نمایاں طور پر کم کرنے کے مقصد کے ساتھ، بروقت تشخیص اور وسیع پیمانے پر آگاہی کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کے اجتماعی عہد کی قیادت کی.