اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے بورڈ ممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی اسلام آباد سیف سٹی، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے سنئیر افسران نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد شہر کی امن و امان کی صورتحال کی مزید بہتری اور جرائم کے روک تھام کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی اسلام آباد میں امن و امان قائم رکھنے کے سلسلہ میں کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور اسکو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
اجلاس کو بتایا گیا اسلام آباد کی تمام مرکزی شاہراہوں اور سڑکیں ٹریفک کیلئے مکمل کھلی ہیں اور کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ اسی طرح شہر میں ٹریفک کے ساتھ کاروبار زندگی بھی معمول کے مطابق رواں دواں ہے اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی تمام شاہراہوں، مراکز اور سیکٹرز کی نگرانی کا میکنزم بنایا گیا ہے۔ اسلام آباد سیف سٹی کو عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جہاں تربیت یافتہ عملہ 24/7 موجود ہے۔ اسی طرح جرائم پر قابو پانے کیلئے ایمرجنسی ریسپانس کو بھی کم سے کم کیا جارہا ہے تاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کے ذریعے خصوصی نگرانی کے ساتھ شہر میں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سیکورٹی کو مزید فول پروف بنانے کیلئے پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن کو بڑھایا جائے۔ اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت اسلام آباد میں مجموعی امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہر قیمت پر شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے گا.