اسلام آباد(کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آبادکا مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ اجلاس منعقد اجلاس کے دوران جاری منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات کو مزید موثر، مربوط اور فعال بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں ،جبکہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد اورشہریوں کے ساتھ رابطے سمیت دیگر امور کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی احکامات بھی جاری کئے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس میں جاری مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس کا انعقاد کیا،اجلاس میں ڈائریکٹر اسپیشل انیشییٹوز شمس الحق درانی نے شرکت کی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے پولیس کے اسپیشل انیشییٹوز ڈائریکٹوریٹ کے کردار کو مزید فعال بنانے، جاری پراجیکٹس میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں،انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے اسپیشل انیشییٹوز کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے.
آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ جاری اقدامات جیسے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، سیف سٹی منصوبوں کا فروغ، پبلک سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن اور دیگر امورکی بہتری کو تیز کیا جائے،ساتھ ہی انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تمام اقدامات میں شہریوں کی آسانی، تحفظ اور اعتماد کو اولین ترجیح دی جائے،انہوں نے ڈائریکٹر شمس الحق درانی کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ تمام جاری پراجیکٹس کی پیش رفت کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں،انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی تمام ڈویژنزکے درمیان بہتر روابط، ٹیم ورک اور شفافیت ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک جدید اور موثر پولیس نظام قائم ہو سکتا ہے،اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور بہترین سروس ڈیلیوری کے لیے پرعزم ہے اور ان تمام اہداف کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں.