اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی کی رحلت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، ان کے انتقال سے سیاست اور پارلیمانی روایات کا ایک سنہرا باب بند ہو گیا ہے محمد حنیف عباسی نے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آغا سراج درانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی ہمارے عزیز بھائی تھے، ان کے جانے پر دل انتہائی غمگین ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ آغا سراج درانی ایک باوقار، شفیق اور مخلص رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ جمہوری اقدار اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا مرکز بنایا۔ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آج قوم ایک سچے اور مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے محمد حنیف عباسی نے مزید کہا کہ آغا سراج درانی کی یادیں اور خدمات ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گی۔ غم کی اس گھڑی میں وہ اور پوری قوم مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت میں برابر کے شریک ہیں۔