وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہِ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہِ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اسپن بولدک میں دشمن کی بزدلانہ حملے کی کوشش کو بروقت ناکام بنا کر قابلِ فخر کارنامہ انجام دیا۔

محمد حنیف عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور قوم کا عزم لازوال ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے جوان وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر فرائض انجام دے رہے ہیں اور ہمیں اُن بہادر سپاہیوں پر فخر ہے۔

وزیر ریلوے نے خبردار کیا کہ جو دشمن پاکستان کی طرف ملی آنکھ سے دیکھے گا، اُسے سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ملک کی حفاظت اور امن و استحکام کے لیے لازمی ہیں اور قوم کو ہر حال میں ملکی وحدت اور دفاع کے لیے متحد رہنا چاہیے۔