وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے کئی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا ، پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سپن وام، جنوبی وزیرستان اور بنوں میں سکیورٹی فورسز نے 34 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم رسید کرکے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیا اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حفاظت اور ملکی سالمیت کی خاطر دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی مہم مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی، حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔