سانحہ کارساز جمہوریت کی راہ میں دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، سحر کامران

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے سانحہ کارساز کو 18 برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ المناک واقعہ جمہوریت کی راہ میں دی جانے والی قربانیوں کا ناقابلِ فراموش باب ہے انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ جمہوری عزم، استقامت اور عوامی شعور کی علامت ہے۔ سانحہ کارساز میں شہید ہونے والے کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آمریت کے اندھیروں کو چیر ڈالا اور پاکستان میں جمہوریت کی جڑوں کو مضبوط کیا سحر کامران نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پر کیا جانے والا حملہ دراصل عوام کی امیدوں اور جمہوری خوابوں پر حملہ تھا، لیکن اس سانحے کے شہداء نے اپنے خون سے جو چراغ روشن کیے وہ ہمیشہ آزادی، حقِ حکمرانی اور جمہوریت کی راہیں منور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارساز کے جیالے آج بھی جمہوری جدوجہد کی علامت ہیں اور ان کی قربانیاں عوامی حقِ حکمرانی کے استحکام کی بنیاد بن چکی ہیں۔ سحر کامران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “ہم شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جمہوری اصولوں پر ثابت قدم رہیں گے انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے جمہوریت کی بقا اور فروغ کے لیے متحد اور پُرعزم رہیں۔