پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان کا کارساز حملے کی 18 ویں برسی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے کارساز حملے کی 18 ویں برسی پر شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو کرسز میں جمہوریت کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف سب سے ہلاکت خیز حملہ تھا۔

ہفتہ کو یہاں جاری اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ اس خوفناک واقعے میں 180 سے زائد پی پی پی کارکن شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کارساز کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ہم شہدا اور زخمیوں کی بے مثال قربانی اور ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سینیٹر رحمان نے کہا کہ پی پی پی کے کارکنوں نے وفاداری اور بہادری کی نئی مثال قائم کی، دہشت گردی کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا ، انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر وہ دن نہیں تھا جب صرف بے نظیر بھٹو واپس آئیں، یہ وہ دن تھا جب جمہوریت خود پاکستان واپس آئی۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ کراچی کی سڑکوں پر اپنی محبوب رہنما شہید بے نظیر بھٹو کا استقبال کرنے کے لیے جمع ہوئے تھےجو آمریت، انتہا پسندی، غربت اور ناانصافی کے خاتمے کے واضح وژن اور مشن کے ساتھ وطن واپس آئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین اور جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

ہمارے کارکنوں نے آمریت اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں بہادری سے اپنی جانیں قربان کیں۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پی پی پی کے وفادار کارکنوں کی بہادری تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی اور پارٹی اپنے شہداکو کبھی نہیں بھولے گی۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتی رہے گی۔