اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا اور میگا پراجیکٹ پر تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کا معائنہ کیا،منصوبے کی پائلز ۔ پائلز کیپ اور گرڈرز کاسٹنگ کا 100 فیصد کام مکمل ہوچکا ہےجبکہ پراجیکٹ کی حفاظتی دیواروں کا 60 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔ہفتہ کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےپراجیکٹ کےترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔
انہوں نےمستقبل میں جی ٹی روڈ کی توسیع کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کی تکمیل کی جامع پلاننگ کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے منصوبے کے اردگرد دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے سے جی ٹی روڈ سے آنے والے مسافروں کو دارالحکومت تک سگنل فری رسائی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور خدمت ہمارا سب سے بڑا مقصد ہے۔اس موقع پروزیر داخلہ کو منصوبے پر جاری ترقیاتی کام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔منصوبے کا کام ٹائم لائن کے مطابق جاری ہے اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد، ممبران سی ڈی اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔