اوگرا کی سالونٹ آئل کی نگرانی سے متعلق اپنے قانونی اختیارات کی وضاحت

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق پٹرولیم مصنوعات میں سالونٹ مکسنگ کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی اپنے قانونی اختیارات کے دائرے میں رہتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے۔

ہفتہ کوترجمان اوگرا نے جاری بیان میں کہا کہ اوگرا آرڈیننس 2002 کی شق 30 کے تحت تمام لائسنس یافتہ کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں اور مصنوعات سے متعلق معلومات فراہم کریں۔ اس تناظر میں اوگرا کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے سالونٹ آئل کے بارے میں معلومات طلب کرنا اس وسیع تر کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد صنعتی استعمال کے لیے مخصوص مصنوعات کو موٹر پٹرول کے ساتھ ملاوٹ یا غلط استعمال سے روکنا ہے تاکہ معیار، صارفین کے تحفظ اور سرکاری محصولات کو یقینی بنایا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گہا ہے کہ اوگرا شفافیت، منصفانہ مسابقت اور ریگولیٹری تعمیل کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور ملک بھر میں معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور عوامی مفاد کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔