نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) میں چین روانہ ہونے والے ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے پہلے بیج کے طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) میں ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے تحت چین روانہ ہونے والے 23 طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب چین کے ساتھ نیوٹیک کے بین الاقوامی تعلیمی تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے یہ طلباء ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای)اِن سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے پروگرام میں داخل تھے، جنہوں نے نیوٹیک میں دو سالہ تعلیم مکمل کی اور اب اپنے تیسرے اور آخری تعلیمی سال کے لیے *گوانگ ژو پولی ٹیکنک یونیورسٹی، چین* جا رہے ہیں۔ تین سالہ یہ پروگرام طلباء کو تکنیکی مہارتوں، عملی تربیت، اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے تیزی سے ترقی پاتے ہوئے میدان میں بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران ڈین آف اسکلز انجینئر ندیم نے نیوٹیک کے اسکلز پروگرامز، تعلیمی فریم ورک، اور خصوصاً چین کے ادارے TANGکے ساتھ بڑھتے ہوئے بین الاقوامی تعاون پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد پاکستانی طلباء کے لیے Sino-Pak Dual Diploma Vocational and Technical Joint Education Program کے تحت روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے مسٹر سانگ، سی ای او TANG چائنیز ایجوکیشن نے گریجویٹ ہونے والے طلباء کو اس نئے تعلیمی سفر پر مبارکباد دی اور نیوٹیک کے اساتذہ اور شراکت دار اداروں کے کردار کو سراہا۔ پرو ریکٹر اسکلز* نے بھی طلباء کو نیوٹیک میں دو سالہ تعلیم مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور چین میں کامیابی کی نیک تمنائیں دیں۔

مسٹر چن پینگ، کلچرل کونسلر سفارتخانہ عوامی جمہوریہ چین نے اپنے خطاب میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم کے میدان میں مضبوط ہوتے تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ایسے مشترکہ پروگرام دونوں ممالک کے طلباء کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں تقریب کے اختتام پر کامیاب طلباء کو سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے اور ان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے چین میں تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا.