اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت توانائی کو بجلی کی پیداوار کے موثر استعمال سے صنعتی پیداوار اور زرعی مصنوعات میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی اور صنعتی شعبے کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صنعتی اور زرعی شعبے کے لئےپاور ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج کے حوالہ سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم کو پاور ڈویژن کی طرف سے ملک میں بجلی کی پیداوار اور اس کے جامع اور موثر استعمال پر ممکنہ اصلاحاتی پیکج پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے لیےبجلی کی فراہمی کے حوالہ سے پاور ڈویژن جامع اور موثر پالیسی سفارشات تشکیل دے،صنعتی پیداوار سے متعلقہ تمام ادارے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں ،ملک میں بجلی کی پیداوار کے زیادہ سے زیادہ مثبت استعمال کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی پر کام کیا جائے انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کا بہترین استعمال صنعتی مصنوعات اور زرعی پیداوار میں اضافہ کے لیے کیا جا سکتا ہے وزیراعظم نے وزارت توانائی کو بجلی کی پیداوار کے موثر استعمال سے صنعتی اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے اور پاور ڈویژن کو سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کے لیے مختلف سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن احد خان چیمہ، مشیر برائےصنعت ہارون اختراور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران ، افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔