اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے تین روزہ پاکستان حج عمرہ نمائش 2025 کے لئے شراکت داروں اور شہریوں کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ پیر کو جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئےخوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ما سلامہ کی ٹیم پاکستان حج عمرہ نمائش 2025پاک چائنہ سینٹر اسلام آباد میں 24 سے26 اکتوبر تک منعقد کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹورازم انڈسٹری کے تمام سٹیک ہولڈرز اور عام شہریوں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھرپور طریقے سے نمائش میں شرکت کریں
کیونکہ ان کو ایک ہی چھت کے نیچے 100 سے زیادہ ایسے ایگزیبیٹر سے ملنے کا موقع ملے گا جو حج اور عمرہ کی خدمات کے لیے اپنی اپنی سروسز فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر حج عمرہ ٹور آپریٹرز، ائیر لائنز ، ہوٹل اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی سروسز لوگوں کے سامنے پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ نمائش میں شرکت سےبہت سارے سروس پرووائڈرز کی خدمات کے بارے میں ایسی نمائش کے ذریعے لوگوں کی آگاہی اور معلومات میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔