وزیر داخلہ محسن نقوی کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کو بلاول ہائوس کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو قیام امن اور داخلی سلامتی کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے داخلی استحکام کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر داخلہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ اتحاد اور اتفاق سے ہی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے داخلی سکیورٹی کے لیے وزارت داخلہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے قومی مفاہمت، داخلی امن و سلامتی اور سیاسی استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔