اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جونید انور چوہدری نے جدید ٹیکنالوجی اور بحری و صنعتی شراکت داری کے ذریعے پاکستان اسٹیل ملز کو دوبارہ فعال بنانے کا ایک جامع منصوبہ پیش کیا ہے وزارت صنعت و پیداوار کے خصوصی معاون حارون اختر خان کے ساتھ ہونے والی ایک اہم اجلاس کے دوران وزیر بحریہ نے پورٹ قاسم پر پاکستان کے پہلے “سی ٹو اسٹیل گرین میرٹائم انڈسٹریل کوریڈور” کے قیام کی تفصیلی پیشکش پیش کی محمد جونید چوہدری نے کہا کہ یہ اقدام جہازوں کی ری سائیکلنگ، اسٹیل مینوفیکچرنگ اور پائیدار صنعتی عمل کو یکجا کر کے پاکستان کے صنعتی اور بحری شعبوں کو نئی شکل دے گا اجلاس میں دونوں وزارتوں کے سینئر افسران اور چینی بحری کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ منصوبے کے مرکز میں پورٹ قاسم کے آئرن اور کوئلے کے بندرگاہ (آئی او سی بی) کو فعال بنانا ہے جو 2015 سے غیر فعال ہے۔
وزیر بحریہ نے وضاحت کی کہ ری سائیکل ہونے والے جہازوں سے حاصل ہونے والا اسٹیل یا تو پاکستان اسٹیل ملز کو فراہم کیا جائے گا یا پورٹ قاسم کے قائم ایک نئی سہولت پر اعلیٰ معیار کے صنعتی اسٹیل میں تبدیل کیا جائے گا خصوصی معاون حارون اختر خان نے اس تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزارتی تعاون پر زور دیا۔ کموڈور (ر) محمد جواد اختر، ٹیکنیکل ایڈوائزر بحری امور نے اس منصوبے کو حکومت کے بلیو اکانومی وژن کا عملی اظہار قرار دیا وزیر بحریہ نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف غیر فعال اثاثوں کو دوبارہ چلائے گا بلکہ ہزاروں ہنر مند اور نیم ہنر مند روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا اجلاس کے اختتام پر منصوبے کے مالی اور تکنیکی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آنے والے ہفتوں میں اہم اسٹیک ہولڈرز کے سامنے رسمی پیشکش متوقع ہے۔