اسلام آ باد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا سمندری شعبہ ترقی اور تبدیلی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت اور رابطوں کا مرکز بننے کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ملک کے وسط ایشیائی، خلیجی اور مشرقی افریقی ممالک کے ساتھ میری ٹائم تعاون میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم نصف استعداد کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ علاقائی رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے کو تیار ہے، جب کہ جدید پورٹ کمیونٹی سسٹم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے بیڑے کی توسیع سے قومی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گڈانی شپ ری سائیکلنگ یارڈ اور میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس ملک کی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلو اکانومی کی حکمتِ عملی کے تحت علاقائی خوشحالی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے وفاقی وزیر نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان سمندروں کو رکاوٹ نہیں بلکہ قومی ترقی کا ذریعہ سمجھتا ہے، اور حکومت ملک کے بحری وسائل کو پائیدار ترقی کے لیے استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔