اسلام آباد (کرائم رپورٹر )اردن پولیس سروس اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے سینئر پولیس افسران پر مشتمل وفد کا سکیورٹی ڈویژن کا دورہ ایس ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں سیکورٹی ڈویژن کے مرکزی نظام اور اس کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق اردن پولیس سروس اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے سینئر پولیس افسران پر مشتمل وفد نے سیکورٹی ڈویژن اسلام آباد کا دورہ کیا،ایس ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں سکیورٹی ڈویژن کے مرکزی نظام اور اس کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،وفد کو اسلام آباد پولیس کے مرکزی نظام، دفاتر کی ورکنگ اور کیمو نٹی پولیسنگ کے حوالے سے آ گا ہ کیا گیا،ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن نے وفد کو شہر میں لگے کیمرہ جات اور پولیس کی موثر کارکردگی ،ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات ،غیر ملکی وفود، ہائی سیکورٹی زون میں واقع سفارت خانوں اور اہم سرکاری عمارات کی سکیورٹی کے متعلق بھی بریف کیا ،انہوں نے کہا کہ ہائی سیکورٹی زون کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر موجود ناکہ جات پر تلاشی اور کوائف کے اندارج کے دوران جرائم کے انسداد اور مشکوک عناصر کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں .
دورے کے دوران وفد کو سیف سٹی کنٹرول روم، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور پولیس خدمت مرکز “کیسکیڈ” کا بھی دورہ کروایا گیا، جہاں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات سے متعلق آگاہ کیا گیا،اردن پولیس سروس کے وفد نے اسلام آباد پولیس کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں، موثر انتظامات اور جدید سکیورٹی نظام کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ایس ایس پی سیکورٹی نے وفد کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں.