امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن نے بدھ کے روز نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور حکومت پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون جاری رکھنے کے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ ہفتے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے کے بعد شہباز شریف پیر کو پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔
گزشتہ رات جاری ہونے والے ایک بیان میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان تقریباً 75 سالوں سے وسیع تر باہمی مفادات میں امریکا کا اہم پارٹنر رہا ہے اور امریکا ان کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت اور ضرورت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس نے ٹوئٹ میں کہا کہ نئی حکومت خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت انداز میں رابطہ اور تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔
وزیراعظم آفس نے برابری، باہمی مفاد اور فائدے کے اصولوں پر مبنی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
انٹونی بلنکن کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ایک دن قبل ہی پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا کے پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ ایک صحت مند ملٹری ٹو ملٹری تعلقات ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یہ تعلقات جاری رہیں گے۔