وزیراعظم شہباز شریف ، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وفد میں شامل دیگر افراد مدینہ منورہ سے جدہ پہنچ گئے۔
مکہ کے گورنر اور سعودی قومی سلامتی کے مشیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان و دیگر سعودی حکام سے ملاقات کریں گے۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران دو مرتبہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی، جمعۃ الوداع کی نماز مسجد نبویﷺ میں ادا کی، ملکی سلامتی، ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔
وزیر اعظم آج دورے کے دوسرے روز مدینہ منورہ سے جدہ پہنچے۔گورنر مکہ خالد بن فیصل آل سعود اور سعودی عرب کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مسعد بن محمد العیبان نے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں موجود ہیں۔
منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کےساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانےاور سرمایہ کاری کو فروغ دینےکے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے زیادہ سےزیادہ مواقع پیدا کرنےکے حوالےسےبات چیت کریں گے۔