آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کی زیر صدار ت عید الفطر کے دنوں میں سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی سکیورٹی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، اے آئی جی سپیشل برانچ، اے آئی جی آپریشنز، تمام زونل ایس پیز اور ایس پی سکیورٹی نے شرکت کی ۔اجلاس میں چاند رات اور عید الفطر کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام افسران کی عید کے دنوں کے لئے چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہماری عید کی خوشیاں اسی میں ہیں کہ ہم عید پر شہر اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کویقینی بنائیں۔ ضلع بھر میں 3500سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لئے کمانڈوز کے خصوصی دستے تعینات کر دئیے گئے ۔آئی جی اسلام آباد خود تمام صورتحال کو خود بھی مانیٹر کریں گے جبکہ سیف سٹی پر کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا جہاں سے شہر کی سکیورٹی کو کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جائے گا۔
چاند رات پر مارکیٹوں اور پبلک مقامات کے لئے خصوصی پولیس دستے تعینات ہوں گے اور کمانڈوز کے دستے اور ایگل سکواڈ ز گشت پر مامور ہوں گے جو مارکیٹوں میں گشت کریں گے، عید کی نماز کے لئے فیصل مسجد سمیت 1032مساجد اور 28امام بارگاہوں کے لئے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنز تمام ڈیوٹی کی خود نگرانی کریں گے۔
عید کی نماز کے بعد اورچھٹیوں کے دنوں میں لیک ویو پارک، قبرستانوں، امام بارگاہوں اور دیگر مذاہب کی عبادتگاہوں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ترنول، نیلور ، چراہ ، غوری ٹاﺅن، بھارہ کہو ، سہالہ کے علاقوں میں عید گاہوں اور قبرستانوں اور ایسے علاقے جہاں سابقہ دشمنیاں چل رہی ہیں وہاں سپیشل پولیس سکواڈز تعینات کر دئیے گئے ،کھلے مقامات پر کمانڈوز اور ایگل سکواڈ ز کے دستے گشت کریں گے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سی ٹی ڈی اور اے ٹی ایس کے دستے الرٹ رہیں گے ۔شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر پولیس کے سخت چیکنگ ہو گی ۔
شہر میں ون ویلنگ ، ہلڑبازی ، بغیر سائلنسر موٹر سائیکلوں ، ہوائی فائرنگ پر سختی سے پابندی ہے ۔ اس کی روک تھام کے لئے سپیشل ناکے لگائے جائیں گے اور ان میں ملوث افرادکو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے جائیں گے۔ شہر کا امن و سکون خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔
شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ مارکیٹوں اور پبلک مقامات پر خواتین اور بچوں کا احترام ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہلڑ بازی اور کسی بھی ناپسندیدہ عمل سے گریز کریں۔
کرائم کی روک تھام کے لئے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود چوکیداروں کے ساتھ میٹنگز کریں اور انہیں بریف کریں ۔ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ گھر چھوڑنے سے پہلے لائٹس آن کر کے جائیں اور اپنے پڑوسیوں کو ذمہ داری سونپ کر جائیں ۔۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ یہ دن سکیورٹی کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ہر افسر فیلڈ میں رہے اور انتہائی چوکس،دل لگی اور نیک نیتی سے فرائض کو سرانجام دے ، ڈیوٹی پر تعینات اپنے ماتحتوں کے ساتھ ملیں اور ان کا مورال بلند رکھیں ۔انشاءاللہ ہم سب مل کر اپنے شہر اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔