امریکی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ملاقات سے چند روز قبل دونوں ممالک نے واشنگٹن میں سیکیورٹی امور پر مذاکرات مکمل کر لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل ندیم انجم رواں ہفتے واشنگٹن میں 3 روز گزارے جہاں انہوں نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم جے برنس سے ملاقات کی۔
دونوں ممالک نے تاحال ملاقات میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں مگر خیال کیا جا رہا ہے کہ ملاقات میں بات چیت کا مزکر دو طرفہ سیکیورٹی خدشات اور افغانستان کے حالات رہے ہوں گے کیونکہ امریکا کا یہ ماننا ہے کہ افغانستان کو مستحکم کرنے میں پاکستان مدد کر سکتا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی امور پر آخری ملاقات جولائی 2021 میں ہوئی تھی، جب اس وقت کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے جیک سلیوان سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی، پاکستانی وفد میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شامل تھے۔
بعد ازاں جیک سلیوان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ان کی بات چیت کا مرکز ’علاقائی روابط، سلامتی اور افغانستان میں تشدد میں کمی کی فوری ضرورت‘ سے متعلق تھا۔