وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈالر اور مہنگائی میں اضافہ عمران حکومت کے آئی ایم سے معاہدے کی خلاف ورزی کا نتیجہ ہے۔
اسٹاک مارکیٹ کی مندی، روپے کی گرتی قدر اور غیر یقینی کی صورتحال پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جو معاہدے کیے ان کے چنگل سے نکلیں گے تو ڈالر نیچے آئے گا اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جائیگی۔
وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان معیشت کو جس نہج پر چھوڑ کر گئے ہیں، اسے واپس لانا آسان کام نہیں، پٹرول پر سبسڈی نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو شدید مالی دباؤ سے دوچار کیا، اتنا بڑا خسارہ کوئی بھی حکومت برداشت نہیں کرسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس پیسے نہ ہوں اور پھر بھی سبسڈی دے تو مزید قرض لینا پڑتا ہے، اسی وجہ سے شرح سود میں اضافے کے ساتھ روپے پر دباؤ بڑھ رہا ہے، عمران خان نے تاریخ کا سب سے بڑا قرض بھی لیا۔