پیمرا کو مزید لائسنس جاری کرنے سے روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے پی بی اے کی استعداد سے زائد ٹی وی چینلز کو لائسنس دینے سے روکنے کی درخواست میں پیمرا کو مزید لائسنس جاری کرنے سے روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کرتے ہوئے پیمرا رپورٹ کی روشنی میں دلائل طلب کرلیے۔گذشتہ روز پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کے دوران پی بی اے کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر پیمرا کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا گیاکہ زیادہ تر شہروں میں کیبل نیٹ ورکس کافی حد تک ڈیجیٹل ہوچکے ہیں، درخواست گزار وکیل فیصل صدیقی نے کہاکہ پیمرا پہلے رپورٹ فراہم کردیتا تو آج دلائل دے سکتا تھا،150 چینلز کو لائسنس جاری کئے گئے مگر پیمرا کی گنجائش 112 چینلز کی ہے،کیبل آپریٹرز کو جو چینل پیسے دیتا ہے اس کو آن ائیر کردیا جاتا ہے، 150 چینلز کی گنجائش ہی نہیں تو پھر کیسے سارے چینلز کیسے دکھائے جاسکتے ہیں،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔