سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کے خلاف مسیحی برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے چئیرنگ کراس مال روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا، مظاہرین نے کہا کہ اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ٹی آئی سیالکوٹ میں گرجا گھر گراؤنڈ میں جلسہ کر رہی ہے، جس سے گرجا گھر کا تقدس پامال ہو گا۔
اس موقع پر مسیحی برادری کا کہنا تھا کہ تاریخ میں کبھی سی ٹی آئی گراؤنڈ کو سیاسی اجتماع کیلئے استعمال نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی سیالکوٹ میں جہاں مرضی جلسہ کرے انہیں کوئی اعتراض نہیں۔
مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی ٹی آئی گراؤنڈ 118 برس سے مذہبی رسومات کے لیے مختص ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے زبردستی چرچ کی جگہ پر جلسہ کا سامان رکھوادیا ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی اقدام کو فوری طور پر رکوایا جائے۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ میں سی ٹی آئی گراؤنڈ میں بلا اجازت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کی تیاریوں پر پولیس نے ایکشن لے لیا۔