اسلام آباد(سی این پی )اسلام آباد تھانہ شمس کالونی پولیس کا موٹر سائیکل لفٹرز کے خلاف بڑا ایکشن۔تین موٹر سائیکل لفٹرز رنگے ہاتھوں گرفتار۔ چوری کئے گئے 12موٹرسائیکل ، 10موٹرسائیکلوں کے سپئیر پارٹس برآمد۔ملزمان گلیوں میں گھومتے پھرتے تھے اور کھلے موٹر
سائیکل کو چوری کر لیتے تھے۔ایک ملزم مکینک ہے جو موٹر سائیکلوں کے سپئیر پارٹس کھول کر فروخت کرتا تھا، مزید تفتیش جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آبادمحمد احسن یونس کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن مزید تیز کر دیا گیا ، ایس ایس پی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ شمس کالونی عامر عباس ، اے ایس آئی عرفان عباس معہ جوانوں پر مشتمل پولیس ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چور گینگ کے تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں محمد اکرم سکنہ ضلع دیر ، محمد رمضان سکنہ شمس کالونی اور فرحت عباس سکنہ جنڈ اٹک شامل ہیں ۔
ایس پی انڈسٹریل ایریا سعود خان نے بتایا کہ حالیہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کے لئے خصوصی حکمت ترتیب دی گئی اور مختلف گلیوں میں کھلے موٹر سائیکل کھڑے کئے گئے اور پولیس اہلکاروں نے خفیہ نگرانی شروع کی ، اسی دوران موٹر سائیکل چوروں نے ایک موٹر سائیکل چوری کر کے بھاگنے کی کوشش کی توپولیس ٹیم نے انہیں رنگے ہاتھوں دھر لیا ، ملزمان کے قبضے سے ابھی تک 12موٹر سائیکل اور 10موٹر سائیکلوں کے سپئیر پارٹس برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزم فرحت عباس مکینک ہے جو موٹر سائیکلوں کے سپیئر پارٹس بیچتا تھا، مزید برآمد گی کے لئے مزید تفتیش جاری ہے ۔آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس اور ایس ایس پی آپریشنز محمد فیصل کامران نے پولیس ٹیم کی بہترین کارکردگی پر شابا ش دیتے ہوئے انعامات کا اعلان کیا ۔آئی جی اسلام آباد نے تمام زونل افسران کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کا رو موٹر سائیکل چوری کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔