اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) کو اسلامی بینکنگ لائسنس جاری کردیا ہے جس کے بعد اب فیصل بینک پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا مکمل اسلامی بینک ہے۔
اس تاریخی موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ”فیصل بینک لمیٹڈ کی تبدیلی پاکستان کی بینکنگ صنعت کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی اولین تبدیلی ہے۔ یہ نا صرف بینکوں بلکہ پاکستان کی اسلامی بینکاری کی صنعت کیلئے ایک منفرد کامیابی ہے۔“
فاروق رحمت اللہ خان، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز فیصل بینک لمیٹڈ نے کہا ”فیصل بینک کی ٹیم نے دنیا کی سب سے بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ایک روایتی بینک کو اسلامی بینک میں تبدیل کرنے کا سنگ میل حاصل کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ مجھے کامل یقین ہے کہ آنے والے سالوں میں بینک کو ترقی کے سفر پر گامزن رکھنے میں شرعی تقاضوں پر عملدرآمد کے تناظر میں کی گئی یہ تبدیلی ہماری کامیابی کا سب سے کلیدی عنصر ثابت ہوگا۔“
اسلامی بینکاری کا لائسنس ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فیصل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے نائب چیئرمین احمد عبدل رحیم محمد عبدللہ بچیری نے کہا ”یہ بے مثال کاوش اور شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ بینک ملک کا بہترین اسلامی بینک بننے کیلئے پُر عزم ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی بینکاری کی صنعت کے فروغ کیلئے بھی نمایاں کردار ادا کرے گا۔“
فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ”یہ تبدیلی درحقیقت ایمان، یقین محکم، عزم اور کامیابی کے حصول کے یقین کا ایک سفر ہے۔ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اپنے قابل قدر صارفین، بورڈ آف ڈائریکٹرز، شریعہ اسکالرز اور امپلائز کا اس پورے عمل کے دوران مسلسل معاونت اور اشتراک فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔“
فیصل بینک لمیٹڈ SCFR1 کی ہائسٹ لوکل شریعہ ریٹنگ کا حامل ہے جو اس کو انٹرنیشنل اسلامک ریٹنگ ایجنسی (IIRA) کی جانب سے دی گئی ہے۔ بینک اپنے کسٹمرز کی حلال بینکنگ کی ضروریات کو سہولت کے ساتھ پورا کرنے کیلئے شریعہ کمپلائنٹ بینکنگ پروڈکٹس اور سروسز کی وسیع رینج پیش کرتا ہے۔ 700 اسلامی برانچوں کے نیٹ ورک کا حامل فیصل بینک پاکستان کے 253 شہروں اور قصبوں میں خدمات فراہم کر رہا ہے