ایک ہفتے کے دوران اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے اور کمی کا سلسلہ جاری رہا۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 14 کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جب کہ 21 اشیاءکے نرخوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی اوسطاً 11 روپے 49 پیسے مہنگی ہو کر 214 روپے 88 پیسے فی کلو ہوگئی ،لہسن کی قیمت 23 روپے 29 پیسے اضافے سے 354 روپے 82 پیسے فی کلو ہو گئی ۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سرسوں کا تیل 3 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ، گھی کی قیمت میں 3 روپے 52 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد گھی کی اوسط قیمت 404 روپے 85 پیسے فی کلو ہو گئی۔
حالیہ ہفتے مٹن کی قیمت میں بھی اوسطاً 5 روپے 13 پیسے فی کلو اضافہ دیکھنے میں آیا جب کہ ایک ہفتے کے دوران کیلا, نمک, چاول اور صابن بھی مہنگا ہوا۔
اس کے علاوہ آلو ایک روپیہ 11 پیسے فی کلو سستے ہوئے اور پیاز کی قیمت ایک روپے فی کلو کم ہوئی جب کہ انڈے فی درجن 3 روپے 39 پیسے سستے ہوئے ، دال چنا ،دال ماش ،آٹا اور دال مسور کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ۔
ایک ہفتے میں چینی اوسطاً ایک روپے 29 پیسے فی کلو ،ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 35 روپے 32 پیسے سستا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح معمولی کمی کے بعد 18.47 فیصد ہو گئی، سب سے کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 20.25 فیصد رہی ۔