گیس کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

گیس کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل کے حل کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے گیس کے بلوں میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نظام متعارف کرانے کی ہدایت دی ہے۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پیٹرولیم سیکٹر کی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پیٹرولیم، خزانہ و محصولات اور توانائی کے وزراء کے علاوہ کمیٹی کے دیگر سرکاری اور نجی شعبے کے ارکان بھی شریک ہوئے۔

نائب وزیراعظم نے توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے لیے اس شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جس سے مزید سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

مقامی اور غیر ملکی ای اینڈ پی کمپنیوں کے سربراہان نے سرکلر قرضوں کے بڑھنے کی وجہ سے سیکٹر کی سیکیورٹی اور استحکام کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔

کمیٹی کے نجی شعبے کے اراکین نے ڈاؤن اسٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور اس کے استحکام کو بہتر بنانے کے لیے نجی کمپنیوں کے لیے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی ہدایت دی تاکہ گیس کی قیمتوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔

سیکیورٹی کے مسائل پر فورم نے داخلہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ای اینڈ پی کمپنیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کریں۔

کمیٹی نے داخلہ ڈویژن کو ذمہ داری دی کہ وہ چیلنجنگ علاقوں میں آپریشنز کے لیے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر ایک ون ونڈو سہولت نظام تیار کرے۔