پاکستان میں پرانی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کی تیاریاں

اسلام آباد۔وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت پرانی اوربہت زیادہ استعمال شدہ گاڑیوں پر بتدریج پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔رانا تنویر نے ایک بیان میں کہا کہ استعمال شدہ درآمد شدہ گاڑیوں سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی پالیسی کا غلط استعمال کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے پرانی گاڑیوں کی درآمد سے کروڑوں ڈالرز کا زرِمبادلہ ضائع ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مقامی گاڑیوں کی تیاری کرنے والوں نے حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پاسداری نہیں کی، اور نومبر میں الیکٹرک گاڑیوں کی نئی پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔رانا تنویر نے کہا کہ یہ گاڑیاں نہ صرف پاکستان میں تیار کی جائیں گی بلکہ انہیں برآمد بھی کیا جائے گا۔