شرح سود میں کمی کے سبب آٹو فنانسنگ کے اجرا میں اضافہ ریکارڈ

شرح سود میں کمی کے سبب آٹو فنانسنگ کے اجرا میں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد ۔دسمبر 2024 کے دوران گاڑیوں کے لیے قرضوں کی فراہمی 235.454 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو ایک اہم اضافہ ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، نومبر 2024 میں آٹو فنانسنگ کی مد میں 234.6 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے تھے۔ اس کے مقابلے میں دسمبر 2024 میں یہ رقم 0.854 ارب روپے کے اضافے کے ساتھ 235.454 ارب روپے تک جا پہنچی۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 میں آٹو فنانسنگ کے لیے 236 ارب روپے، ستمبر 2024 میں 227.541 ارب روپے، اور اگست 2024 میں 227.296 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے تھے۔

ماہرین کے مطابق اس اضافہ کی ایک بڑی وجہ مرکزی بینک کی جانب سے جون، جولائی، ستمبر، اور نومبر 2024 میں پالیسی ریٹ میں کی گئی کمی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 16 دسمبر 2024 تک پالیسی ریٹ میں مجموعی طور پر 900 بیسک پوائنٹس کی کمی کی۔ اس پالیسی ریٹ میں کمی کی بدولت قرض لینے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا اور آٹو فنانسنگ میں بھی بہتری دیکھی گئی۔

یہ اقدامات ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور صارفین کو مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔