راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ شاندار اور تاریخی فتح پر مسلح افواج اور سول قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے پوری قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع میں ہماری افواج کے حوصلے، جرأت، اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سول اور عسکری قیادت کو اس تاریخی فتح پر سلام پیش کرتے ہیں، جو ہماری افواج کی بے مثال بہادری، حکمتِ عملی اور حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ کامیابی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان ہر چیلنج کے سامنے مضبوط اور متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، نیز اعلیٰ عسکری قیادت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مبارکباد کے مستحق ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ہماری مسلح افواج کی جرأت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، پوری قوم اپنے محافظوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، اللہ تعالیٰ نے ہماری سرزمین کو عظمت و وقار عطا فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔