پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان

اسلام آ باد (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز (پیر کو) تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ،کے ایس ای-100 انڈیکس ابتدائی کاروباری اوقات میں 571پوائنٹس سے زائد اضافے کے بعد 1 لاکھ 24 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج کے اعداد و شمار کے مطابق 571پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 24 ہزار 950 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 0.65 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔کاروباری سرگرمیوں میں خاص طور پر آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز)، پاور جنریشن اور ریفائنری کے شعبے نمایاں رہے۔

انڈیکس میں بھاری وزن رکھنے والے اسٹاکس جیسے کہ اے آر ایل، حبکو، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او اور ایس ایس جی سی سبز رنگ میں ٹریڈ ہوتے نظر آئے۔گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے شاندار کارکردگی دکھائی، جب کے ایس ای-100 انڈیکس ہفتہ وار بنیاد پر 4 ہزار 355 پوائنٹس یا 3.6 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 24 ہزار 379 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا ۔