سینیٹر بشری انجم کا سندس فاونڈیشن لاہور کا دورہ

لاہور (کامرس رپورٹر )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی چیئرپرسن سینیٹر بشری انجم بٹ نے سندس فاونڈیشن لاہور سنٹر کا دورہ کیا۔ سندس فاونڈیشن آمد پرصدر سندس فاونڈیشن محمد یاسین خان اور ڈائریکٹر خالد عباس ڈار نے سینیٹر بشری انجم کا استقبال کیا۔دورے کے دوران انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا اور تھیلیسیمیا و ہیموفیلیا کے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان میں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ ہیموٹالوجسٹ ڈاکٹر سائرہ معین نے معزز مہمان کو بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت سندس فاونڈیشن میں تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور خون کی دیگر بیماریوں میں مبتلا دس ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ ہیں جنہیں ریگولر خون اور ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ انسانی خدمت کا وہ مینار ہے جس پر قوم کو ناز ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کو نہ صرف مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے بلکہ ان کا حوصلہ بھی بلند کیا جا رہا ہے۔ میری مکمل حمایت سندس فاونڈیشن کے ساتھ ہے۔انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے ادارے جو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت سرانجام دے رہے ہیں حکومت ان کی مکمل سرپرستی کرے گی۔ میں ذاتی طور پر کوشش کروں گی کہ وفاقی سطح پرسندس فاونڈیشن کو مزید تعاون فراہم کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ریلیف مل سکے۔بانی و صدر سندس فاونڈیشن محمد یاسین خان نے سینیٹر بشری انجم بٹ کے دورے کو ادارے کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے ذمہ دار عوامی نمائندوں کی حوصلہ افزائی فلاحی اداروں کے لیے ایک روشن پیغام ہے۔دورے کے اختتام پر بانی و صدر محمد یاسین خان کی جانب سے سینیٹر بشری انجم بٹ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔