اسلام آباد۔3جولائی (کامرس رپورٹر):ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو 3.66 ارب ڈالر اضافے کے بعد 18.09 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 27 جون 2025ء کو ختم ہونے والے ہفتے میں سٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر 3,663 ملین ڈالر کے اضافے کے ساتھ 12.72 ارب ڈالر ہو گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 5.36 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
اس طرح ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 18.09 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔سٹیٹ بینک کے ذخائر میں ہونے والا اضافہ حکومت پاکستان کو موصول ہونے والے کثیرالجہتی اور کمرشل قرضوں کے باعث ممکن ہوا۔اس کے علاوہ اضافی حکومتی مالی آمدنیاں موصول ہونے کے بعد 30 جون 2025ء کو سٹیٹ بینک کے ذخائر مزید بڑھ کر 14.51 ارب ڈالر ہو گئے جس کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا۔