اسلام آباد۔(کامرس رپورٹر):پٹرولیم منصوعات کی فروخت میں گذشتہ مالی سال کے دوران 6.81 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ جولائی 2024 تا جون 2025 کے عرصہ میں فروخت کا حجم 16.32 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 24-2023 کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 15.28 ملین ٹن رہی تھی ۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز)کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 24-2023 کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 25-2024 میں پٹرولیم مصنوعات کی مقامی فروخت میں 1.04 ملین ٹن یعنی 6.81 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں اضافہ جبکہ فرنس آئل کی فروخت میں کمی ہوئی ہے اور دوران سال پٹرول کی فروخت 7.6 ملین ٹن جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت 6.89 ملین ٹن اور فرنس آئل کی فروخت کا حجم 0.81 ملین ٹن رہا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی مجموعی قومی فروخت میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کا حصہ بالترتیب 43.9 اور 43.3 فیصد رہا ہےجبکہ اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کا شیئر 7.85 فیصد اور 8.31 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے ۔